لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلی شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کی بربریت اور مظالم کی شدید مذمت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہکشمیریوں کو ظلم و جبر اور طاقت کے استعمال سے ان کے آزادی کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر سمیت دیگر مسائل حل کرنا ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میںکشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار بھارتی ہٹ دھرمی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بنیادی حق سے محروم رکھنا ظلم ہے۔ بندوق کی گولی اور ظلم و جبر سے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوام کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے متعدد فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ نے 103 بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور 1200نرسوں اور 178 فارماسسٹ کی اضافی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی۔ اچھی کارکردگی دکھانے والے ہسپتالوں کے عملے کو نقد انعامات اور تعریفی سریٹفکیٹس دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے رینکنگ نظام پر عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے ہسپتالوں کے عملے کو نقد انعامات کے ساتھ تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے اور مریضوں کو جدید و معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جاری اصلاحاتی پروگرام پر پیش رفت کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ہم سب نے مل کر مریضوں کو علاج معالجے کی وہ سہولتیں فراہم کرنی ہیں جو ان کا حق ہیں۔پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کی ٹیم نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے امیونائزیشن کوریج کو بہتر بنانے کے حوالے سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور صرف 2 برس کے دوران پنجاب حکومت کی امیونائزیشن کوریج 56 فیصد سے بڑھ کر 82 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو بھارت سے بھی بہت بہتر ہے جہاں اس وقت امیونائزیشن کوریج 70 فیصد ہے۔ اجلاس میں 5 نئی ویکسینز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مریض کو علاج معالجے کی سہولت کا نہ ملنا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پلاننگ کیلئے مربوط لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب واٹر روڈ میپ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ روڈ میپ کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اورٹی ایم ایز میں منظورشدہ تکنیکی اسامیوں کو پر کرنے اورسٹاف کیلئے تربیتی پروگرام کی منظوری دی گئی ۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اربو ں روپے کے بڑ ے پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔ صاف پانی پروگرام مفاد عامہ کا بڑا اہم منصوبہ ہے اوراس پروگرام کو محنت، لگن اور عزم سے آگے بڑھانا ہے ۔ وزیراعلیٰ سے متحدہ عرب امارات کے سفیرعیسی عبداللہ الباشاالنعیمی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ جس میںباہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔