ڈیرہ بگٹی جھڑپ میں دہشت گرد ہلاک مری داعش کمانڈر ہلاک

Nov 19, 2016

کوئٹہ/ مری/ پشاور (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) ایف سی نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلہ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ جبکہ مری میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران داعش کا کمانڈر ہلاک ہوگیا جبکہ جھڑپ میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں سی ٹی ڈی کے ساتھ جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بی آر اے سے ہے۔ دہشت گرد فورسز پر حملوں، گیس پائپ لائنوں کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی کی تحصیل مری کے علاقہ سانج میں محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب کی کارروائی میں داعش کمانڈر احسان ستی ہلاک ہو گیا جبکہ داعش کمانڈر عمران ستی دیگر چار ساتھیوں سمیت فرار ہو گیا۔ سی ٹی ڈی پنجاب کو اطلاع ملی تھی کہ داعش کمانڈر احسان ستی مری کے قریب اپنا نیٹ ورک چلا رہا ہے اور اسلام آباد میں موجود میڈیا ہا¶سز کو دھماکوں سے اڑانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ سی ٹی ڈی نے کارروائی کی تو ملزموں نے گرفتاری سے بچنے کے لئے سی ٹی ڈی ٹیم پر دستی بم سے حملہ کیا اور شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کے دو اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ کے دوران داعش کمانڈر احسان ستی ہلاک ہو گیا جبکہ عمران ستی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کے کمپا¶نڈ سے متعدد بم بنانے والی ڈیوائسز، ہینڈ گرنیڈ اور گولیاں اور جدید اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی نے پشاور میں کارروائی کرکے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد نواز کی گرفتاری کیلئے صوبائی حکومت نے 5 لاکھ انعام مقرر کیا تھا۔ نواز ڈی آئی خان پولیس کو دہشت گردی، قتل، اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
دہشت گرد ہلاک

مزیدخبریں