پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر مورچوں کی جاسوسی کیلئے آنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا جبکہ دوسری طرف بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے کھوئی رٹہ سیکٹر میں 3 بہن بھائیوں سمیت 4 بچے شہید ہوگئے۔ بھارتی ڈرون رکھ چکری سیکٹر میں پاکستانی حدود میں داخل ہوا جسے آگاہی پوسٹ کے قریب گرایا گیا۔ ڈرون پاکستانی حدود میں 60 میٹر اندر گھس آیا تھا، پاک فوج نے ڈرون کا ملبہ قبضہ میں لے لیا۔ آگاہی چوکی کے جوانوں نے بھارتی کوئیڈ کاپٹر کو فائرنگ کر کے مار گرایا۔ واضح رہے گزشتہ روز بھارتی آبدوز کو بھی پاک بحریہ نے مار بھگایا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ شازیہ، 16 سالہ شہزاد، 4 سالہ ریبہ اور 7 سالہ فائزہ شہید ہوگئے۔ پاک افواج نے دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ علاوہ ازیں میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے پاک بحریہ کیساتھ ملکر سمندری نگرانی مزید سخت کردی۔ ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے مشرقی سمندری سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے درجنوں بھارتی باشندے گرفتار اور متعدد کشتیاں پکڑ لیں، تمام کشتیاں اور گرفتار بھارتی باشندے کراچی منتقل کردئیے گئے جہاں حساس ادارے ملزمان سے تفتیش کریں گے۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے بھمبر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر پاک فوج مؤثر انداز میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی فوج نے بھمبر سیکٹر کے علاقوں ٹانڈر اور بروہ میں بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے ایل او سی کے سیکٹر ہٹیاں بالا، چکوٹھی اور وادی کھیلانا پر بھی بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ کے باعث ہٹیاں بالا، چکوٹھی اور وادی کھیلانا کے تعلیمی ادارے بند کردئیے گئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے بچوں کی شہادت قابل مذمت ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر کشیدگی بڑھا کر عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کشمیر کے لوگ اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے پرامن جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام اور بھارت کے انسانیت کیخلاف جرائم نے پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت نے ہماری سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی ہے اور پاک بحریہ نے انہیں پسپا کر دیا۔ انہوں نے کہا پاکستان اپنی سمندری حدود کی خلاف ورزی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے گا۔