کوئٹہ (آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے ایک گروپ کا خاتمہ کرتی ہیں تو سرحد پار سے دوسرے دہشت گرد آکر ان کے جگہ لے لیتے ہیں، اس صورتحال کے تدارک کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کا خاتمہ اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور قوت سے کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو دہشت گردوں اور شرپسندوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور سرچ آپریشنز میں تیزی لانے اور معلومات کے حصول اور تبادلے کے نظام کو تھانوں کی سطح پر موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ جیتنے کے لئے لائحہ عمل میں تبدیلی لائی جائے۔ دہشت گردوں کو بھی حالت جنگ میں رکھ کر انہیں محفوظ ٹھکانوں میں بیٹھ کر منصوبہ بندی کرنے کا موقع نہ دیا جائے۔ ہمارا سامنا ایسے دشمن سے ہے جس کے نزدیک مذہبی واخلاقی اقدار اور انسانی جانوںکی کوئی اہمیت نہیں اور وہ چند ٹکوں کی خاطر اپنے آقاؤں کے اشاروں پر اپنے بھائی کا خون بھی بہا سکتے ہیں اور بہا بھی رہے ہیں۔