لاہور (وقائع نگار خصوصی) سیشن عدالت میں عمران خان پر عائشہ گلالئی کے الزامات کیخلاف ہتک عزت کے دعوٰی کی سماعت ہوئی۔عائشہ گلالئی کی طرف سے عمران خاں، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کو عدالت میں طلب کرنے کی درخواست جمع کرا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما جاوید بدر نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، جہانگیر ترین اوروزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک پرا لزامات کے خلاف عائشہ گلالئی کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عائشہ گلالئی نے الزامات کے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے لہٰذاعدالت عائشہ گلالئی کو اپنے الزامات پر معافی مانگنے اور 30 ملین روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے، ایڈیشنل سیشن جج نے کیس کی سماعت شروع کی تو عائشہ گلالئی کے وکیل نے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان ، وزیراعلی کے پی کے پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کو عدالت میں طلب کرنے کی درخواست جمع کروا دی۔ عدالت نے عائشہ گلالئی کی درخواست پر عمران خاں پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کے وکلاء سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک کیلئے ملتوی کر دی۔