مریدکے(نامہ نگار) پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی ہرنوں نے محکمہ وائلڈ لائف اہلکار کی دوڑیں لگوا دیں، پولیس چوکی انچارج نے ایک ہرن دیہاتیوں سے برآمد کرکے مقامی سیاسی شخصیت کے گھر تحفہ کے طور پر پہنچا دیا، محکمہ وائلڈ لائف نے ہرن کی برآمدگی کے لیے سیاسی شخصیت سے مذاکرات شروع کر دیئے۔ بتایا گیاکہ تین سے چار ہرن بھارتی سرحد عبور کرکے مریدکے کے نواحی علاقوں میں پہنچ گئے جہاں دیہاتیوںنے ان میں سے دو کو دبوچ لیا۔ایک ہرن کو زخمی ہونے کی بناء پر ذبح کر لیا گیا جبکہ دوسرا زندہ ہرن پولیس چوکی عمر کوٹ کے انچار ج بختیار بھٹی نے تحفہ کے طور پر صوبائی سیاسی شخصیت کے گھر پہنچا دیا۔ محکمہ وائلڈ لائف نے زندہ ہرن کی بازیابی کے لیے سیاسی شخصیت سے مذاکرات شروع کر دیئے ہیں دوسرے کا غیر قانونی شکار کرنے والے دیہاتیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے چالان جمع کرا دیا۔چوکی انچار ج بختیار بھٹی نے کسی بھی ہرن کی برآمدگی سے لا علمی کا اظہار کیا۔