نئی دہلی(صباح نیوز) بھارت میں متعین غیر ملکی سفرا نے نئی دہلی کی فضائی آلودگی اور صورت حال ابتر ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس خطرناک صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومت کی جانب موثر اقدام عمل میں لائے جانے کا مطالبہ کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں متعین سفارتی وفد کے سربراہ نے اس ملک کی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ نئی دہلی کی حکومت کو دو کروڑ بیس لاکھ کی آبادی کی صحت و سلامتی کے لئے فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے کوئی اہم قدم اٹھانا چاہئے۔نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی بنا پر گذشتہ ہفتے تمام اسکول و مدارس تین روز کے لئے بند کر دیئے گئے تھے۔البتہ بھارت کے ذرائع ابلاغ کی تازہ رپورٹ یہ ہے کہ نئی دہلی میں کہرا چھا جانے کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں کمی آئی ہے اور صورت حال کنٹرول میں آتی جا رہی ہے۔