اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) 5 دسمبر کو پریڈ گراؤنڈ میں پی پی پی کے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں 23 نومبر سے اسلام آباد کو پارٹی پرچموں سے سجانے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ پی پی پی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری کی صدارت میں پارٹی تنظیموں کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں چودھری منظور‘ سردار سلیم حیدر‘ مصطفیٰ نواز کھوکھر‘ ملک حاکمین خان‘ زمرد خان‘ نرگس فیض ملک‘ رشید میر‘ ابرار رضوی اور اسلام آباد ‘ راولپنڈی‘ اٹک‘ چکوال کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ نیئر حسین بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطہ پوٹھوہار کے شہری بلاول بھٹو پر محبتیں نچھاور کریں گے۔ پریڈ گراؤنڈ کا جلسہ تاریخی ہو گا۔ چودھری منظور نے کہا کہ پارٹی کے تمام عہدیدار جلسہ کو کامیاب بنانے کے لئے متحرک ہو جائیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو پارٹی کی مستقبل کی پالیسی دیں گے۔ بلاول بھٹو ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ پنجاب میں رابطہ عوام مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پی پی پی سیاست کا رخ متعین کرے گی۔
پریڈ گراؤنڈ جلسہ‘ اسلام آباد کو پیپلز پارٹی کے پر چموں سے سجایا جائیگا
Nov 19, 2017