اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سی پیک کے تحت مشترکہ رابطہ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس پیر سے شروع ہوگا۔ پیر کو 5 ورکنگ گروپوں کے اجلاس ہونگے جن میں سی پیک کے نئے منصوبوں کے تکنیکی‘ مالی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ منگل کو جے سی سی کا پالیسی نوعیت اجلاس ہوگا جس میں منصوبوں کی منظوری اور معاہدات طے پائیں گے۔ سی پیک کے کوآرڈینیٹر حسن داؤد نے بریفنگ میں بتایا کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سی پیک کے 2030 ء تک کی لانگ ٹرم پلان کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں کراچی سرکلر ریلویز کا منصوبہ منظوری کیلئے پیش ہو گا۔ اس کے علاوہ گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ڈیزائن کی منظوری بھی دی جائے گی۔ گوادر ووکیشنل سینیٹر بنانے اور پاک چین فرینڈز شپ سینٹر کی عملدآری کے منصوبے کی منظوری بھی دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ رابطہ کمیٹی گلگت و بلتستان میں پن بجلی کے دو‘ تونسہ میں ایک منصوبہ لگانے کی منظوری بھی دی گی۔ گوادر میں صاف پانی کی فراہمی‘ گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے کے منصوبے کا سنگ بنیاد 24 نومبر کو رکھ دیا جائے گا۔