اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں تبلیغی جماعت کے امیر مولانا محمد عبدالوہاب‘ جنہیں حاجی عبدالوہاب کے نام سے بھی جانا جاتا ہے یکم جنوری 1923ءکو سہارنپور میں پیدا ہوئے۔ مولانا عبدالوہاب ایک عرصہ تک تحصیلدار کے عہدہ پر فائز رہے۔ وہ تبلیغی جماعت کے بانی مولانا محمد الیاس کاندھلوی سے ملاقات کے بعد تبلیغی جماعت سے وابستہ ہو گئے۔ انہوں نے سرکاری ملازمت کو خیرباد کہہ کر اپنی زندگی کو اسلام کی تبلیغ کے لئے وقف کر دیا۔ ایک اندازے کے مطابق تبلیغی جماعت جس کی متحدہ ہندوستان میں مولانا محمد الیاس کاندھلوی نے بنیاد رکھی تھی سے ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ سرگرم کارکن وابستہ ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق مولانا الیاس کاندھلوی نے متحدہ ہندوستان میں تبلیغی جماعت کی بنیاد مسجد نبوی میں حضور اکرم کی طرف سے شروع کئے گئے مدرسہ اصحاب صفہ کی طرز پر رکھی تھی۔ جو اسلام کی تبلیغ اور ترویج کے لئے پہلے باقاعدہ مدرسے کی حیثیت رکھتا ہے۔ تبلیغی جماعت چھ اصولوں کلمہ‘ صلوة (نماز)، علم‘ اکرام‘ اخلاص نیت اور دعوت تبلیغ پر مبنی ہے۔ تبلیغی جماعت کا م¶قف یہ ہے کہ مسلمانوں کو جن کا تعلق کسی بھی طبقے سے ہو اسلام کی تبلیغ اور اچھے اعمال کی دعوت دی جائے۔ تبلیغی جماعت کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں، نہ وہ کسی سیاسی نظریہ سے وابستہ ہے۔ تبلیغی جماعت تشدد کے بغیر اسلام کی دعوت پر یقین رکھتی ہے۔
مولانا عبدالوہاب