رانی پور/ محراب پور (نامہ نگاران) رانی پور قومی شاہراہ پر ہنگورجہ کے قریب موٹر سائیکل سواروں کو تیز رفتار ٹرالر نے کچل دیا‘ تینوں موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق رانی پور قومی شاہراہ پر ہنگورجہ کے قریب موٹر سائیکل سواروں کو تیز رفتار ٹرالر نے کچل دیا تینوں موٹر سائیکل سوار موقعے پر ہی جاں بحق ہوگے میتیں اسپتال ہنگورجہ منتقل کی گئیں۔ حادثے کی جگہ پولیس نے پہنچ کر ٹرالر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ ٹرالر سکھر سے کراچی جا رہا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ محراب پور سے نامہ نگار کے مطابق ٹریفک حادثے میں 3 نوجوان جاں بحق‘ 2 اسکول طالب علم تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ پرخان واہن سے شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے ہنگورجاکے گائوں بھٹا جانے والے موٹرسائیکل سوار تین نوجوان 15 سالہ منٹھارکلہوڑوولد ہارون علی کلہوڑو‘ 12 سالہ شعبان کلہوڑو ولد شہزادہ کلہوڑو اور 12 سالہ اصغر کلہوڑو ولد اکبر علی کلہوڑو کو تیز رفتار ٹرالر نے کچل دیا‘ تینوں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق نوجوانوں کا تعلق خان واہن کے قریب گائوں سائیں جمن کلہوڑو سے تھا‘ شعبان کلہوڑو اور اصغر کلہوڑودرجہ ساتویں جماعت کے طالب علم تھے جبکہ منٹھار کلہوڑو درجہ نہم پاس کر کے کراچی کی ایک فیکٹری میں مزدوری کرتا تھا‘تینوں نوجوانوں کا تعلق ایک ہی گائوں سے تھا اور آپس میں چچازاد بھائی تھے‘ تینوں نوجوانوں کی نعش گائوں پہنچنے پر کہرام مچ گیاگائوں کے ہرشخص کی آنکھ اشکبار تھی۔