اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق نے خرطوم میں سوڈان کے نائب صدر علی عثمان طہٰ اور تحریک اسلامی سوڈان کے سربراہ ڈاکٹر احمد الحسن الزبیر سے الگ الگ ملاقات کی ۔ ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے۔ سینیٹر سرا ج الحق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر و فلسطین ، روہنگیا مسلمانوں کا برمی فوج کے ہاتھوں قتل عام اور افغانستان و شام امت کے اجتماعی مسائل ہیں ،ان مسائل کے حل کے لیے عالم اسلام کو متحد ہونا پڑے گا ۔ جب تک مسلم ممالک میں عوام کے حقیقی نمائندے برسر اقتدار نہیں آتے ، امت کے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پونے دو ارب مسلمانوں کا کوئی ایک بھی نمائندہ ملک نہیں ۔ دنیا میں 60 کے قریب اسلامی ممالک ہیں لیکن ان کی آواز صدا بہ صحرا بن کر رہ گئی ہے ۔ ستر سال سے کشمیر و فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے مگر اقوا م متحدہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے کہاکہ پوری امت کو اپنے مظلوم کشمیری و فلسطینی بھائیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے اور شام و افغانستان اور یمن کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔