لاہور (سپورٹس رپورٹر ) قومی ٹیم کے فاسٹ باولر محمد عباس کسی بھی کیلنڈر ایئر میں 30سے زیادہ وکٹیں لینے والے ملکی باولرز کے پیمانے پر بہترین اوسط سے وکٹیں لینے والے پاکستانی باولر بن گئے ہیں۔ 28سالہ محمد عباس اب تک رواں سال6ٹیسٹ میچز محض11.84کی اوسط سے 38وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں ، قومی ٹیم کے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر نے2003ء میں 12.36کی اوسط سے30وکٹیں حاصل کی تھیں ، قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری آل راونڈر عمران خان نے1982ء میں 9ٹیسٹ میچز میں 13.29کی اوسط سے63مخالف بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی ،ملک کے موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے 1986ء میں6ٹیسٹ میچز میں 14.21کی اوسط سے33بلے بازوں کا شکار کیا تھا ، لیجنڈری فاسٹ باولر وقار یونس نے 7ٹیسٹ میچز میں15.23کی اوسط سے55وکٹیں حاصل کی تھیں ، سابق فاسٹ باولر خان محمد نے 1955ء میں 7ٹیسٹ میچز میں 15.85کی اوسط سے35بلے بازوں نے پویلین بھیجا تھا ، سابق کپتان وسیم اکرم نے 1990ء میں8ٹیسٹ میچز میں 16.20کی اوسط سے48مخالف بلے بازوں کی وکٹیں حاصل کی تھیں ، دنیا کے تیز ترین فاسٹ باولر شعیب اختر نے 2002ء میں 9ٹیسٹ میچز میں17.02کی اوسط سے42کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا ،لیجنڈری فاسٹ باولر وقار یونس نے 1990ء میں9ٹیسٹ میچز میں17.04کی اوسط سے49بلے بازوں کا شکار کیا تھا ، سابق ٹیسٹ فاسٹ باولر فضل محمود نے1959ء میں 5ٹیسٹ میچز میں17.06کی اوسط سے32وکٹیں حاصل کی تھیں۔