لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب ہیلتھ فاونڈیشن کے تحت مزید 45 شعبوں میں بلاسود قرضہ سکیم کا افتتاح کردیا ۔ پنجاب ہیلتھ فاونڈیشن (پی ایچ ایف) کے زیراہتمام نجی میڈیکل شعبے کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کی سکیم کے تعارفی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سرکاری اور نجی میڈیکل شعبے کو یکساں بنیادوں پر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ پنجاب ہیلتھ فاونڈیشن پہلے مرحلے میں ملازمتوں کے ایک لاکھ مواقع پیدا کرے گی۔ قرضہ حسنہ سکیم سرکاری شعبے پر ملازمتوں کا دباؤ کم کرنے کے لئے ایک مثالی پروگرام ہے۔ اس کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ثاقب ظفر ، ایم ڈی ہیلتھ فاونڈیشن اجمل بھٹی اور اخوت فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب سمیت مختلف شعبوں سے ممتاز افراد نے بھی ’روڈ شو‘میں شرکت کی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پی ایچ ایف میں قرضوں کے اجرا کا عمل خودکار اور انتہائی شفاف ہے۔40 روز کے اندر درخواست گزار کو قرضے کی فراہمی کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ ثاقب ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نجی میڈیکل شعبے کو قرضوں کی فراہمی کا یہ پہلا روڈ شو ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ پی ایچ ایف کا تمام سیٹ اپ شفاف بنیادوں پر استوار ہے۔ نجی کلینکس کھلنے سے سرکاری ہسپتالوں پر بھی دباؤ کم ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قرضہ حاصل کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ ایم ڈی پنجاب ہیلتھ فاونڈیشن اجمل بھٹی نے قرضہ سکیم کو وزیراعظم کی طرف سے ایک کروڑ ملازمتوں کی فراہمی کے اعلان میں اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ درخوست گزاروں کو مشاورتی سروس فراہم کرنے کے لئے الگ سیل بنا دیا گیا ہے۔