وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں سیاحت سے متعلق قومی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ۔پیر کواجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بہت مواقع موجود ہیں ,گزشتہ تین سال کے دوران ان میں اضافہ ہوا ہے ,انہوں نے سیاحت کے شعبے کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سیاحت کے فروغ کے منصوبے میں ماحول اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سیاحت کے شعبے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فریم ورک تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ سیاحت کے شعبے میں بہترین عالمی معیار کے مطابق پالیسیاں مرتب کریں ۔وزیر اعظم نے ٹاسک فورس کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے شرکاء کو سیاحت کے شعبے کو درپیش مسائل اور حل سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں سیاحت، کھیلوں اور دیگر سیاحت کے فروغ پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں سیاحت کے فروغ کے لیے نئے علاقوں کو اجاگر کیا جائے گا۔