رحیم یار خان(احسان الحق سے) جنوبی پنجاب کے دو شہروں رحیم یار خان اور ڈی جی خان سے تعلق رکھنے والی دو اعلیٰ ترین عدالتی شخصیات اگلے مہینے (دسمبر 2019ئ) میں ریٹائر ہو جائیں گی ۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس آصف سعید کھوسہ 20 دسمبر 2019ء کو جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان 31 دسمبر 2019ء کو اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے ۔واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی دو شخصیات چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی حیثیت سے بیک وقت اپنے فرائض سے انجام دے رہے تھے ۔معلوم ہوا ہے کہ چیف جسٹس مسٹر جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ریٹائر منٹ کے بعد مسٹر جسٹس گلزار احمد چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت یکم فروری 2022ء تک اور پھر ان کے بعد مسٹر جسٹس عمر عطاء بندیال 16 ستمبر 2023ء تک چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے اپنے فرائض سے انجام دیں گے جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم کی ریٹائر منٹ کے بعد توقع ہے کہ مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس ہونگے جو صرف 77 دن تک چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی حیثیت سے اپنے فرائض سے انجام دینے کے بعد 18 مارچ 2020ء کو ریٹائر ہو جائیں گے ۔
جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے چیف جسٹس آف پاکستان اور لاہور ہائیکورٹ دسمبر میںریٹائر ہونگے
Nov 19, 2019