ملتان (سپیشل رپورٹر) سپیشل جج سینٹرل ملتان شاہد اسلام غلیزئی نے سرحد پار کرکے پاکستان آنیوالے دو بھارتی باشندوں کو دوبارہ بہاولپور علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ یہ کیس فاضل کورٹ کا اختیار سماعت نہیں ہے۔ فاضل عدالت میں پولیس تھانہ صدر یزمان بہاولپور کی جانب سے بھارتی شہریوں کو پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو بھارتی شہری پاکستانی حدود چولستان تھانہ صدر کے علاقے ٹوبہ باڑی میں پہنچ گئے تھے،جہاں انکو گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی شہری شانت وائندم اور وری لال چولستانی علاقے میں چھپے ہوئے تھے جہاں سے انکو گرفتار کر لیا گیا ،شانت وائندم حیدر آباد میں سوفٹ وئیر انجنئیرنگ کی ملازمت کرتا تھا، واضح رہے ملزمان کے خلاف پاکستان کنٹرول آف انٹری ایکٹ 1952 (4) (3) کے تحت مقدمہ درج ہوا اور انہیں علاقہ مجسٹریٹ تھانہ صدر یزمان بہاولپور نے ہی ملتان عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔