لاہور( کامرس رپورٹر ) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر روان ادیرے سنگھے اور سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے سری لنکا کے نومنتخب صدر گوتابایا راجاپاکسے کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے، انہوںنے کہا کہ گوتا بایا راجاپاکسے علاقائی تجارت کو فروغ دے کر سارک کے استحکام کے لیے اہم خدمات سرانجام دے سکتے ہیں۔سارک چیمبر کے صدر روان ادیرے سنگھے نے کہا کہ جنوبی ایشیا ئی ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی وسیع تر گنجائش موجود ہے جس بارے درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے سرگرمیوں کو ادارے کے وڑن 2030 ء سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، اس تناظر میں رکن ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سری لنکا کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوںنے کہا کہ آئندہ دوعشروں کے دوران دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں کا تعلق ایشیا سے ہوگا، یہ جنوبی ایشیائی ملکوں کی اس حوالے سے کامیابی کے لیے ناردر موقع ہے۔