پاکستان اوربیلجیئم کوتجارتی حجم بڑھانے کیلئے کوشش کرناہوگی:عرفان شیخ

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان میں بیلجیئم کے سفیر فلپ برونشین نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، معاشی اور دوستانہ تعلقات کا استحکام ان کے لیے بہت اہم ہے اور وہ اس کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر ، نائب صدر میاں زاہد جاویداحمد اور بیلجیئم سفارتخانے کے ٹریڈ کمشنر عابد حسین نے اس موقع پر خطاب کیا جبکہ سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا،ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حاجی آصف سحر، حارث عتیق، عاقب آصف، ایم ارشد خان، سجاد افضل، واصف یوسف، نصرت طاہر اور ذیشان سہیل ملک بھی اجلاس میں موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہاکہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان بہترین سفارتی تعلقات ہیں، جبکہ پاکستان کی یورپین یونین کے ساتھ تجارت کے حوالے سے بیلجیئم چھٹے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء میں باہمی تجارت کا حجم 1.22ارب ڈالر تھا جو 2018ء میں کم ہوکر 979ملین ڈالر رہ گیا، اس حجم میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی، ٹھوس اقدامات اٹھاکر باہمی تجارت کو دو ارب ڈالر تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن