اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قطر کی امیری فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل سالم حماد عقیل النابت نے گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسبی کے پیشہ ورانہ امور وعلاقائی سلامتی کی صورتحال زیر غور آئی۔ آرمی چیف نے کہا پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اور پاک فوج بھی قطر کی مسلح افواج کے ساتھ دفاع و سلامتی کے شعبووں میں تعاون کا فروغ چاہتی ہے۔ مہمان فوجی سربراہ نے علاقائی امن‘ سلامتی‘ قطری مسلح افواج کی تربیت کیلئے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔ دریں اثناء کمانڈر قطر امیری ایئرفورس میجر جنرل (پائلٹ) سالم حماد عقیل النابت نے گزشتہ روز نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کوگارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں کمانڈر قطر امیری ایئرفورس نے چیف آف دی نیول سٹاف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے پاکستان اور قطری امیری آرمڈ فورسز بالخصوص قطری بحریہ کے درمیان خوشگوار تعلقات کو سراہا۔ معزز مہمان نے خطے کے مشترکہ بحری تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے تعاون، کوششوں اور عزم کی تعریف کی۔ دونوں معزز شخصیات نے مختلف دفاعی شعبوں میں پہلے سے موجود دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ کمانڈر قطر امیری ایئر فورس کے دورے سے دونوں ممالک کے ما بین تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔دریں اثناء قطری فضائیہ کے سربراہ صدر مملکت عارف علوی‘ فضائیہ‘ بحریہ کے سربراہوں سے بھی ملے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تمام شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں، دونوں ممالک ان برادرانہ تعلقات کو تمام شعبوں میں وسعت دینا چاہتے ہیں۔ وہ ایوان صدر میں قطر ایئر فورس کے سربراہ میجر جنرل سالم حماد عقیل النابت سے بات چیت کر رہے تھے۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قطر کے سفیر سعود عبدالرحمن الثانی بھی تھے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور قطر میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔ دونوں ملک دفاع، فوجی تربیت میں تعاون کر چکے ہیں۔ قطر پاکستان میں فوجی تربیت کے نظام سے استفادہ کر سکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ کووڈ 19 کے باوجود پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ قطر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔
قطری فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات، دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں جنرل باجوہ
Nov 19, 2020