لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد کی ترقی و خوشحالی کے لئے 13ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ ترقیاتی پیکیج کے تحت فیصل آباد میں سڑکیں، پارکس، سیوریج اور پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے اور اس پیکیج کے تحت صحت اور تعلیم کی سہولتوں کو بہتر بنائیں گے۔ یہ پیکیج سالانہ ترقیاتی پروگرام کاحصہ ہوگا۔ فیصل آباد ترقیاتی پیکیج پر تیزی سے عملدرآمد کر کے دکھائیں گے۔ وہ فیصل آباد میں برآمد کنندگان اور تاجر برادری سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلی نے کہاکہ فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر ہے۔ تمام علاقوں کی یکساں ترقی تحریک انصاف کا منشور ہے۔ ہماری حکومت نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی ہیں اور پنجاب نے اس ضمن میں لیڈ لی ہے۔ پنجاب میں کاروبار کا پہیہ تیزی سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ہماری حکومت سے قبل سیمنٹ کی 12فیکٹریاں تھیں۔ ہماری حکومت نے 5سیمنٹ فیکٹریوں کو این او سی جاری کردئیے ہیں۔ دسمبر تک مزید 16فیکٹریوں کو این او سی جاری کردئیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے 7 سپیشل اکنامک زونز کے قیام کے نوٹیفکیشن جاری کردئیے ہیں۔ پنجاب بھر میں نئے ماڈل تھانے بنا رہے ہیں۔ 101 نئے تھانوں کی اراضی محکمہ پولیس کو منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس کو 600 نئی گاڑیاں فراہم کی جاچکی ہیں-محکمہ پولیس میں 10ہزار بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔ عوام کے مسائل حل کریں گے۔ ترقیاتی پیکیج فیصل آباد کے شہریوں کا حق ہے جو ہم نے انہیں لوٹایا ہے۔ نیا پاکستان بن رہا ہے اور سب کو نظر بھی آئے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پارا چنار میں شادی کی تقریب کے دوران چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فیصل آباد میں ٹریفک کی خراب صورتحال اور عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسرفیصل آباد کو عہدے سے ہٹانے کاحکم دیا-وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر سی ٹی او فیصل آباد کا تبادلہ کر دیا گیا انہیں سنٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے اور آزادی اظہار کے نام پر کی جانے والی مذموم حرکتیں قطعی طور پر ناقابل برداشت ہیں-ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ سرکاری سطح پر منایا جائے گا۔ پورے صوبے میں تقریبات جاری ہیں اوریہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کے کیس روز بروز بڑھ رہے ہیں، شہری ایس او پیز پر عمل کریں۔باہر نکلتے ہوئے شہری ماسک کا استعمال عادت بنا لیں۔ صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہے ہیں۔ صورتحال کاجائزہ لیکر ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ مزید براں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلی آفس میں آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے صدر میر بہروز ریکی بلوچ کی قیادت میں چاروں صوبوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی-آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے صدر میر بہروزریکی بلوچ نے آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا او رکہاکہ آپ جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کابینہ نے کانوں کی لیز اور لیز میں تجدید پر پابندی ختم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ اینٹوں کے بھٹوں کیلئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے ساتھ متبادل آپشنز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ دیں گے۔سموگ اور آلودگی کا مسئلہ بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے۔ سموگ اور آلودگی پر قابو پانے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ مائننگ کے شعبہ سے وابستہ افراد کو ہرممکن سہولتیں دیں گے۔