رسول اکرمؐ کے خاکے بنانے والے دنیا میں خاک ہوجائیں گے۔ڈاکٹر خالد عراقی

کراچی (نیوزرپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمدؐ کی ذات مبارک کے بارے میں جتنا بھی بیان کیا جائے اور تحقیق کی جائے وہ کم ہے ۔آپ ؐ نے تمام امورمیں انسانیت کی رہنمائی فرمائی ہے ،اسلام ایک پرامن مذہب ہے اور آپ ؐ نے انسانیت کا پیغام دیاہے۔موجودہ دور کے مسائل کے حل کے بارے میں مفکرین کی ایک بڑی تعداد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ان سب کا حل قرآن پاک اور سیرت النبیؐ پر عمل پیراہونے میں ہے۔ہمارے معاشرے میں ابتری کی بڑی وجہ انصاف ،برابری ،کردار،امانت داری اور وعدے کی پاسداری کا فقدان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے   پارکنگ گرائونڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جامعہ کراچی میں منعقد ہ انجمن محبان رسولؐ ؐجامعہ کراچی کے زیر اہتمام محفل میلاد النبیؐ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہمیں حضوراکرمؐ کی ذات مبارک سے ہمیں رہنمائی حاصل کرنے اوراس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔جورسول اکرمؐ کے خاکے بنارہے ہیں وہ اس دنیا میں خاک ہوجائیں گے۔رسول اکرمؐ کی ذات مبارک پر اگرکوئی انگلی اُٹھائے یا سوال اُٹھائے توہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس کا بھرپور جواب دیں کیونکہ آپ ؐ کی ذات مبارک پر انگلی یاسوال اُٹھانا ہمیں بالکل قبول نہیں ۔آپؐ کی ذات مبارک کو اللہ تعالیٰ نے پسند کیا اور انسانیت کی رہنمائی کے لئے بھیجا۔ہمیں اپنے احتجاج اور تنقید کے دائرے کو بڑھاناہوگا ،صرف سڑکیں اور کاروبار بند کرنے سے احتجاج نہیں ہوگا بلکہ ہم سب کی یہ دینی ذمہ داری ہے کہ ہم آپ ؐ کی ذات مبارک کے حوالے سے اپنا بھرپورکرداراداکریں اور جو جس منصب یا رتبے پر فائزہے وہ اپنااپنا کرداراداکریں۔جب تک ہم اسلامی اصولوں پر من وعن عمل پیرانہیں ہوں گے ہم ایک بہتراور فلاحی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کرسکتے۔مفتی محمد اسماعیل حسین نورانی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی ذات تک پہنچنے کا ذریعہ اپنے محبوب حضرت محمدؐ کوبنادیا ہے،دنیا میں جتنا بھی علم ہے سب اللہ ہی کا پیداکردہ ہے ،اللہ تعالیٰ پوری کائنات خالق ومالک ہے اور دنیا جہاں تک علم حاصل کررہی ہے،تحقیق کررہی ہے یا کرتی رہے گی یہ سب اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے ،یہ سب اللہ تعالیٰ کی تخلیق ہے اور پھر اللہ تعالیٰ نے جو کچھ پیدا کیا ہے اس میں اگر کوئی صحیح معنی میں صحیح جہت کے ساتھ چلنا چاہتاہے توپھر اس کے لئے بھی رسول پاک ؐ سے وابستگی ضروری ہے۔

ای پیپر دی نیشن