پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی ’’ون بک‘‘ کے خلاف پبلشرز آج یوم سیاہ منائیں گے‘ اردو بازار بند رہیگا

Nov 19, 2020

لاہور (سٹاف رپورٹر) پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے مبینہ غیرقانونی ’’ون بک‘‘ کے نام پر پنجاب بھر کے لاکھوں بیبلیشرز، بک بائنڈرز، پرنٹرز، اسٹیشنرز، بک ڈپوز کا کاروبار بند کرنے کے خلاف پیبلیشرز نے آج یوم سیاہ منانے اور اردو بازار سمیت ملحقہ مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انجمن تاجران اردو بازار کے ارکان آج احتجاج کریںگے۔ متاثرہ افراد نے ’’ون بک‘‘ کے نام پر لاکھوں افراد کا کاروبار تباہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ظالمانہ فیصلہ 18 ویں ترمیم کے خلاف اور صوبوں کے کام میں مداخلت ہے۔ اس ظالمانہ فیصلہ کی نہ ہی کابینہ سے منظوری لی گئی ہے اور نہ ہی قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہیں۔ انجمن تاجران اردو بازار کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارت تعلیم نے ایک قوم، ایک نصاب، ایک کتاب کے نام پر نصاب تعلیم تبدیل کر دیا ہے۔ نئے سال سے موجودہ تمام ٹیکسٹ بکس منسوخ ہو جائیں گی اور ان کی جگہ تمام سرکاری و نجی سکولوں میں صرف سرکاری کتابیں پڑھائی جائیں گی۔ اس سے نہ صرف پبلشرز کا کروڑوں روپے کا سٹاک ردی ہو جائے گا بلکہ مارکیٹ میں پھنسی ریکوری بھی منجمند ہو جائے گی۔

مزیدخبریں