امید ہے افغانستان کے ساتھ راہداری‘ تجارتی معاہدے جنوری تک طے پا جائیں گے: مشیر تجارت

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ افغان صدر سے ملاقات میں تجارت و مواصلات پر تبادلہ خیال ہوا۔ امید ہے راہداری اور ترجیحی تجارتی معاہدے جنوری تک طے پا جائیں گے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ افغان صدر سے ملاقات میں تجارت و مواصلات پر تبادلہ خیال ہوا۔مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ دیگر اعلیٰ حکام سے بھی تجارت کے امور پر ملاقاتیں ہوئیں، امید ہے راہداری اور ترجیحی تجارتی معاہدے جنوری تک طے پا جائیں گے۔انہوں نے کہا کہآنے والے دنوں میں شراکت داروں سے تفصیلی ملاقاتیں کروں گا، دونوں ملکوں میں تجارت اور سرمایہ کاری میں خاطر خواہ مواقع ہیں۔ ملکی کاروباری برادری کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔خیال رہے کہ چند روز قبل مشیر تجارت کی سربراہی میں تجارتی وفد نے افغانستان کا دورہ کیا تھا۔ وفد میں سیکرٹری تجارت‘ کمشنر کے ارکان اور تجارت کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ دورے کے دوران دوطرفہ تجارت‘ راہداری تجارت اور دوطرفہ ترجیحی تجارتی معاہدے پر مذاکرات ہوئے جبکہ غیررسمی تجارت کو رسمی بنانے کے سلسلے میں بھی بات چیت ہوئی۔ مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن