اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت زرداری وغیرہ کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی اور میگا منی لانڈرنگ ریفرنسز میں نیب کی طرف سے بریت درخواستوں پر جواب کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ اس موقع پر نیب آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر تحریری جواب پیش نہ کرسکا اور پراسیکیوٹر عرفان بھولا نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد بہت سی درخواستیں بریت کیلئے دائر ہوئیں، عدالت نے بھی معاملے پر چیئرمین نیب کو خط لکھا ہوا ہے، امید ہے آئندہ سماعت تک چیزیں کلیئر ہوجائیں گی۔ ادھر اسی عدالت میں سابق صدر کیخلاف میگا منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران آصف زردادی، فریال تالپور سمیت دیگر کی ایک روزہ حاضری سے استشنی کی درخواستیں دی گئیں جنہیں عدالت نے منظورکرلیا جس پر عدالت نے کہاکہ درخواستوں پر نیب کب تک جواب دے گا۔ نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید نے بتایاکہ ابھی ہیڈ کوارٹرز سے جواب نہیں آیا، استدعا ہے کہ مزید وقت دیدیں، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت تک نیب کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 6دسمبر تک ملتوی کر دی۔ سید اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت زرداری اور یوسف رضا گیلانی وغیرہ کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کی طرف سے بریت درخواست پر جواب کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ زرداری کیخلاف آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے ریفرنس پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامہ پیش کیا، جس پر عدالت نے کہا کہ اس معاملہ پر کیا ہائیکورٹ نے فیصلہ نہیں کیا؟۔ اس پر وکیل نے بتایا کہ ہماری درخواست پر نیب نے عدالت سے وقت مانگا ہے، ہائیکورٹ میں 23نومبر کو سماعت ہونی ہے۔