اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہماری حکومت مخالف مہم سے حواس باختہ ہوکر ہمارے جلسے روکنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسلام آباد میں بلاول سے پیپلز پارٹی خیبر پی کے کی صوبائی قیادت نے ملاقات کی۔ اس موقع پر خیبرپی کے کی سیاسی صورت حال اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی قیادت نے بلاول کو نوشہرہ اور 30 نومبر کو پشاور میں ہونے والے جلسوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ انتظامیہ نے پشاور میں جلسے کی اجازت نہیں دی جب کہ نوشہرہ میں جلسے کے حوالے سے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت مخالف مہم سے حواس باختہ ہوکر پی ٹی آئی ہمارے جلسے روکنے کی کوشش کررہی ہے، پی ٹی آئی کو جو کرنا ہے کرلے، پشاور اور نوشہرہ میں جلسے ہر صورت میں ہوں گے، اگر خیبرپی کے میں حکومتی جماعت کے جلسے ہوسکتے ہیں تو پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسے کیوں نہیں ہوسکتے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے صوبائی قیادت کو ہدایت کی کہ انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملے یا نہ ملے، تمام رکاوٹوں کے باوجود نوشہرہ اور پشاور میں جلسے منعقد کریں۔ جلسوں پر پابندی کی آڑ میں عوام اور جیالوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی تو دمادم مست قلندر ہوگا، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے۔بلاول بھٹو زرداری آج ضلع نوشہرہ میں مانکی شریف کے علاقے میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد سکھ برادری کو بابا گرونانک دیوجی کے 552 ویں یومِ پیدائش کی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بابا گرونانک دیوجی نے بھائی چارے اور انسانیت دوستی کا پیغام دیا ہے۔ دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی جتنی آج ضرورت تھی، وہ پہلے نہیں تھی۔