مہنگائی کا ایک اور طوفان آنیوالاہے،عوام کا جینا مشکل ہو گیا:شہباز شریف


اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ دن کا مشترکہ اجلاس ملک کی تاریخ میں سیاہ دھبے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ پارلیمنٹ کے ذریعے درجنوں بلز کو بلڈوز کرنے کا حکومتی طرز عمل جمہوری روح کے منافی ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ نظام کو اپنے حق میں دھاندلی کے لئے استعمال کرکے کیا حکومت خود کو عوام کے قہر و غضب سے بچا سکتی ہے۔ دریں اثناء شہباز شریف سے بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی اور سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں کرد نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئیر نائب صدر ملک ظاہر کاکڑ، بلوچستان سے پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات نصیر خان بھی ملاقات کرنے والے وفد میں شامل تھے۔ شہباز شریف سے وفد کی ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے بلوچستان سے رہنماؤں کو آمد پر پرتپاک خوش آمدید کہا۔ اور کہا کہ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے، عوام کا زندہ رہنا ناممکن بنا دیا گیا ہے۔ بلوچستان میں امن و ترقی پاکستان کے امن و ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ بھارتی افواج کے ہاتھوں مزید 5 کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل ہوا ہے۔ دنیا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ بی جے پی، آر ایس ایس کا اتحاد کشمیریوں کی شناخت ختم کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن