لاہورکے 9ٹاؤنز میں اینٹی سموگ آگاہی واکس کا اہتمام 

لاہور(سٹی رپورٹر) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی شہر بھر میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر انسداد سموگ آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق سی ای او رافعہ حیدر کی ہدایات پر مارکیٹس اور شاہراؤں پر سموگ سے چھٹکارے سے متعلق عوامی آگاہی واکس کا اہتمام کیا گیا۔ بیک وقت شہر کے 9ٹاؤنز میں اینٹی سموگ آگاہی واکس کا اہتمام کیا گیا۔آگاہی واکس میں مارکیٹوں کے سربراہان، سینٹری ورکرز اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سمن آباد ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن،راوی ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں بیک وقت آگاہی ریلیاں نکالی گئیں۔ سی ای اوایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی صفائی کے ساتھ ساتھ ڈینگی اور سموگ کے خاتمے کے لیے آگاہی مہمات کے انعقاد کے لیے بھرپور طریقے سے متحرک ہے۔ فصلوں اور مختلف اشیا ء کو جلانے سے اٹھنے والا دھواں ما حول میں آلودگی کی وجہ بنتا ہے۔ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور سموگ کے خاتمے کے لیے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے ہی سموگ جیسے عناصر اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ شہری کوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ہی ڈالیں کوڑے کو آگ لگانے سے اجتناب کریں۔

ای پیپر دی نیشن