لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور پیٹرول کے آفٹر شاکس عوام کو مہنگائی کی صورت میں ملنا شروع ہوگئے ہیں،گھی فی کلو کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کردیا گیا جبکہ بیس کلو آٹے کے تھیلے پر فلور ملز کی جانب سے 50 روپے کا خود ساختہ اضافہ کردیا گیا اور پٹرول اور بجلی کی قیمت میں اضافہ کا جواز کے طور پر پیش کررہے ہیں۔ مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کیلئے آٹااورگھی کی قیمتوں میں مزید اضافہ منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے مترادف ہے، ریاست مدینہ کا دعوی کرنے والے وزیراعظم اور ان کی نااہل ٹیم نے عوام کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمر توڑ مہنگائی اور حکومتی نااہلی کے خلاف 28 نومبر اسلام آباد ہونے والے مارچ کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔