پی ایس پی سیکریٹریٹ پاکستان ہائوس میں محفل حمد و نعت

کراچی (نیوزرپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی محمدﷺ پی ایس پی کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاؤس کے باہر محفل حمد و نعت کی پر نور محفل منعقد کی گئی، جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوانوں الحاج صدیق اسماعیل، الحاج اویس رضا قادری، فیصل حسن نقشبندی، محمد حماد قادری، قاری محمد عاقل اور مولانا ابراہیم چترالی نے بارگاہِ رسالت ؓ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ شرکا محفل نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت ﷺ کی صدائیں بلند کرتے ہوئے نعت خوانوں کی مداح سرائی کرتے رہے۔ محفل حمد و نعت کا باقاعدہ آغاز بعد نماز مغرب تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری واصف نے حاصل کی جس کے بعد بارگاہِ رسالت محمدﷺ میں نعتوں کا سلسلہ پرنور شروع ہوا، نظامت کے فرائض معروف فنکار اسلم شیخ نے انجام دیئے جس میں انہوں نے سیرتِ طیبہ ﷺ پر روشنی ڈالی۔ محفل حمد و نعت کے سلسلے میں پاکستان ہاس سمیت پوری رازی روڈ کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا، پنڈال میں اسلامی فنِ تعمیر سے آرستہ خوبصورت اسٹیج بنایا گیا تھا جس کی پھولوں کے گلدستوں اور گہواروں سے سجاوٹ کی گئی تھی، جبکہ شرکا محفل پر مختلف خوشبودار اسپرے بھی کئے جاتے رہے۔ محفل حمد و نعت میں خواتین کے لیے علیحدہ انتظام پاکستان ہاس کے اندر کیا گیا، جس میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین شریک ہوئیں۔ خواتین کے حلقے میں ڈیجیٹل اسکرین نصب کی گئی تھی جس پر محفل حمد و نعت ﷺ کی کارروائی براہِ راست نشر کی جاتی رہی۔ اس موقع پر علامہ مفتی محسن نے وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کرتے ہوئے محفل ذکر مصطفی ﷺ میں موجود عاشقان رسول ﷺ پر رحمتوں کے نزول کے لیے دعا کی۔ نعت خواں حضرات نے محفل حمد و نعت کے شاندار انعقاد پر چئیر مین پی ایس پی سید مصطفی کمال کو دلی مبارکباد پیش کی۔ محفل حمد و نعت کی تقریب میں پارٹی چئیر مین سید مصطفی کمال، صدر انیس قائم خانی، اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل، عمائدین شہر سمیت عاشقان رسول محمدﷺ بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن