21نومبرکو یو بی جی امیداروں کا اعلان کیا جائیگا،ایس ایم منیر

کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی انتخابات میں 30دسمبر 2021کودھاندلی کے ذریعہ فیڈریشن پر قابض گروپ بزنس مین پینل  کے لیڈران اور انکے نامزد کردہ امیدوار اپنا بوریا بستر سمیٹ کر گھروں کو روانہ ہونگے،یو بی جی نے انتخابات کے حوالے سے مربوط حکمت عملی تیار کرلی ہے اوریو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک، صدر زبیرطفیل، سیکریٹری جنرل ظفربختاوری اور دیگر تمام رہنمائوں نے پاکستان بھر میں  یو بی جی کارکنان کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں اور31دسمبر کو سورج یونائٹیڈ بزنس گروپ کی فتح کے ساتھ طلوع ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاراکرام راجپوت کی جانب سے دیئے گئے برنچ کے موقع پر گفتگو میں کیا۔یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کے مطابق تقریب میںیو بی جی سندھ ریجن کے چیئرمین خالدتواب، سینئر نائب صدر کے امیدوارمحمدحنیف گوہر،شیخ عمرریحان،سلمان اسلم،عبدالسمیع خان،مرزااختیار بیگ،فرحان الرحمان،ممتاز احمد،فرحان حنیف،اشتیاق بیگ،فرخ مظہراوردیگر تاجربھی موجود تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم نے ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے ایک بار پھر بہترین امیداروں کی ٹیم نامزد کی ہے اوراتوار 21نومبرکو لاہور میں یو بی جی کنونشن میں امیداروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال فیڈریشن الیکشن میں بزنس مین پینل کے زرخرید الیکشن کمیشن نے جس دھاندلی کے ذریعہ بزنس مین پینل کو الیکشن جتوایا تھا اس بار ہم یہ دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔  انہوں نے کہا کہ  یوبی جی کی قیادت نے ایک بار پھر فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مفاد پرستوں کا صفایا کرنے کے مشن کا آغاز کردیا ہے اور اس مشن میں ہمارے ساتھ پاکستان کی80فیصد سے زائد کاروباری برادری کے نمائندے شریک ہیں،بزنس کمیونٹی 30دسمبر کے الیکشن میں یو بی جی کی حمایت میں یک آواز ہوکر فیڈریشن ہائوس کی جانب روانہ ہوگی۔ سینئرنائب صدر کے امیدوار محمدحنیف گوہر نے کہا کہ 30دسمبر کوہونے والے الیکشن میں ہم شرافت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے کیونکہ ہم دست وگریبان ہونے والے لوگ نہیں لیکن اگر اس بار کسی نے بھی دھاندلی کی کوشش کی تو اسے موقع پر ہی پکڑیں گے ،آئندہ ماہ کے الیکشن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آجائے گا،یو بی جی بزنس کمیونٹی کے دلوں کی آواز ہے جبکہ برسراقتدار گروپ چند بیساکھیوں کے سہارے چل رہی ہے اور بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے میں مکمل ناکام رہی ہے ۔
ایس ایم منیر 

ای پیپر دی نیشن