حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) حافظ آباد میں کوٹ نواں کے قریب حافظ قرآن نوجوان فائرنگ سے جاں بحق۔پولیس تھانہ صدر نے کئی گھنٹے شش وپنچ میں مبتلا رہنے کے بعددوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر کے مطابق حافظ زرباد شاہ ولد ثنا ء اﷲجو کہ ایک کمپنی میں سیلز مین ہے وہ چاند گاڑی پر دوساتھیوںکے ہمراہ کالیکی سے واپس آرہا تھا کہ کوٹ نواں کے قریب موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے اس سے رقم چھینی اور مزید رقم کا مطالبہ کیا۔مزاحمت پر فائر کیا جس سے ملزموں کا اپنا ہی ساتھی حافظ راشد جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے زربادشاہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ دوسری جانب حافظ راشد کے بھائی کاشف اور علاقہ کے لوگوں نے بتایا کہ مقتول حافظ راشد دو بچوں کا باپ، باکردار آدمی اور سیلز مین کا کام کرتا تھا دوسرے سیلز مین اور مقدمہ کے مدعی زربادشاہ کے ساتھ مقتول کا لین دین کا تنازعہ تھا۔ کاشف نے کہا کہ قتل بھی ہمارابھائی ہوا اور مدعی مقدمہ بھی ہمیںنہیںبنایا گیا ۔اب ہم پولیس تھانہ صدر کو مدعی مقدمہ بننے کیلئے درخواست دے رہے ہیں۔ علاقہ مکینوںنے پولیس کو بتایا کہ مقتول حافظ راشد کو پلاننگ کے تحت قتل کرکے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا گیا جس کی اعلی سطح پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔دوسری جانب جاں بحق ہونے والے حافظ راشد کی نماز جنازہ آبائی گائوں مدھریانوالہ میں اداکی گئی جس میں ایس ایچ او تھانہ صدر سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔