قازقستان ، پاکستان کے مابین مضبوط ثقافتی روابط معاون ثابت ہونگے: عبدالرحیم ناصر

Nov 19, 2021

لاہور(کامرس رپورٹر)قازقستان کے نائب وزیرصنعت و تجارت مارات کارابائیف ( Maratkarabayev )نے امید ظاہر کی ہے کہ قازقستان اور پاکستان کے مابین مضبوط ثقافتی روابط باہمی تجارت کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔ اپٹما قیادت کے ساتھ ایک آن لائن میٹنگ میں انہوں نے دونوں معیشتوں کے باہمی تال میل سے حاصل ہونے والے فوائد پر بھرپور گفتگو کی۔ آن لائن میٹنگ میں اپٹما کی جانب سے مرکزی چیئرمین عبدالرحیم ناصر اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔قازقستان کے نائب وزیرصنعت و تجارت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے ایک حالیہ ملاقات میں باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد کئی ایک شعبوں میں مشترکہ کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے قازق حکومت کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے دی جانے والی سہولیات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اپنے خطاب میں چیئرمین اپٹما عبدالرحیم ناصر نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری قازقستان میں پیدا ہونے والی کپاس سے بھرپور استفادہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے باہمی تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کی بھی نشاہدہی کی اور ان کے فوری تدارک پر زور دیا۔ اپٹما کی جانب سے ناردرن زون کے چیئرمین حامد زمان، سنیئر وائس چیئرمین اپٹما کامران ارشد اور سیکرٹری جنرل اپٹما رضا باقر نے بھی آن لائن میٹنگ میں شرکت کی۔

مزیدخبریں