اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے علالت اور دیگر اہم مسائل کے باوجود پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنانے والے اراکین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے اراکینِ پارلیمنٹ محمد خیال زمان، احسان اللہ ٹوانہ اور راحت امان اللہ بھٹی کے جذبے کی قدر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
میں قوم اور پاکستان تحریک انصاف کیجانب سےشدید علالت کے باوجود مشترکہ اجلاس میں شرکت کرنےوالے اپنے MNAs محمدخیال زمان،احسان اللہ ٹوانہ اور راحت امان اللہ بھٹی کےجذبےکی قدر کیساتھ ان سب کاشکریہ اداکرتاہوں۔اسی طرح میں شیخ رشید کابھی مشکور ہوں جو اپنےبھائی کی وفات کےباوجود موجود رہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 18, 2021
ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اراکینِ اسمبلی شدید علالت کے باوجود مشترکہ اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا بھی مشکور ہوں جو اپنے بھائی کی وفات کے باوجود موجود رہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون سازی پر مثبت پیشرفت کیلئے متحرک ہوگئے جبکہ عمران خان نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی اسی روز طلب کر لیا۔
آج سے 2 روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران قانون سازی کیلئے قانونی ٹیم سے دو بار مشاورت کی۔ اس دوران قومی اسمبلی و سینیٹ میں قانونی بلز منظور کرانے کیلئے حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔دوسری جانب مشترکہ پارلیمنٹ اجلاس میں اپوزیشن اتحاد حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے تیار رہی۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے پی ڈی ایم اور اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں سے مشاورت کی اور حکومت کی پالیسیاں ناکام بنانے پر گفتگو ہوئی۔تین روز قبل وزیر اعظم سے اراکینِ قومی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ عمران خان نے ارکان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی جس کا مقصد حکومت کو قانون سازی کے عمل میں کامیاب کرنا تھا۔