اسلام آباد‘ کراچی (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء ختم ہو گئی ہے۔ پاکستان ساختہ مصنوعات خاص طورپر طیارے مرکز نگاہ بنے رہے۔ دوسری طرف 30 سے زیادہ ایم او یوز پر دستخط ہو گئے۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے کہا ہے کہ پاکستان نے فضائی و زمینی آلات اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بہترین جدت دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے فخریہ طورپر دفاع کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے ساتھ خودانحصاری کی منزل حاصل کر لی ہے۔ جمعہ کو کراچی ایکسپو سنٹر میں دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز 2022ء کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی مسابقت کے باوجود دنیا میں ہم آہنگی اور امن کے داعی ملک کی حیثیت سے ہمیشہ اس آفاقی نظریے کو مقدم رکھا ہے کہ ہتھیار امن کی ضمانت ہیں۔ اختتامی تقریب میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد عارف ملک ہلال امتیاز (ملٹری)‘ ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈیپو بریگیڈیئر نوید اعظم چیمہ‘ ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور محمد طاہر ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور بدر ایکسپو سلوشنز کے سی ای او زوہیر نصیر نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا کہ آئیڈیا 2022ء ہماری دفاعی مصنوعات کا شوکیس تھا جو بین الاقوامی سطح کے میگا ایونٹ کے انعقاد کی ہماری صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔ ایونٹ نے دفاعی صنعت کے نجی اور سرکاری شعبوں کو ان کی مصنوعات کی نمائش کے ساتھ ترقی یافتہ دفاعی صنعت کے ساتھ ملاقات کے منفرد مواقع مہیا کئے جس سے پاکستان کے دفاعی و سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملی۔ میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئیڈیاز 2022ء کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کر لئے گئے۔ نمائش میں 64 ملکوں کے 285 غیرملکی دفاعی مندوبین نے شرکت کی جس سے اس نمائش کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ نمائش میں 30 سے زائد مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر میجر جنرل محمد عارف ملک نے بھی میڈیا کو بریفنگ دی اور کہا کہ پاکستان دفاعی پیداوار میں کئی دہائیوں سے مصروف عمل ہے۔ ملکی سطح پر تیار کی جانے والی ہماری نمایاں اور اہم دفاعی مصنوعات آئیڈیاز 2022ء میں پیش کی گئیں جن میں جنگی ٹینک الخالد‘ الضرار‘ جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے‘ آرمڈ پرسنل کیریئرز اور مسلح ڈرونز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2022ء میں ہمیں ترکی‘ چین‘ نارتھ کوریا‘ جنوبی امریکہ‘ یورپ‘ ایشیا اور فار ایسٹ سے بہترین رسپانس ملا۔ قبل ازیں ایونٹ کے تیسرے دن پاک فضائیہ کے مایہ ناز میراج طیاروں نے کراچی سی ویو پر دلکش فلائی پاسٹ کا مظاہرہ پیش کیا۔ اس تقریب میں پاک فضائیہ کی ایئر بورن ٹیم کا دیوہیکل سی 130- ہرکولیس سے چھلانگ لگا کر پیرا ٹروپنگ شو کا مظاہرہ بھی شو میں شامل کیا گیا۔
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء ختم‘پاکستانی ساختہ طیارے مرکز نگاہ‘ 30 ایم او یوز پر دستخط
Nov 19, 2022