لاہور+ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) معروف عالم دین اور صدر جامعہ دارالعلوم کراچی مولانا مفتی رفیع عثمانی انتقال کر گئے۔ مرحوم رفیع عثمانی مفتی اعظم پاکستان اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست بھی تھے۔ مولانا مفتی رفیع عثمانی مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع عثمانی کے بیٹے اور مفتی تقی عثمانی کے بڑے بھائی تھے۔ مرحوم مفتی رفیع عثمانی کافی عرصہ سے علیل تھے۔ عمر 86 سال تھی۔ وہ 21 جولائی 1936ء کو بھارت کے علاقے دیوبند میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا نام عالم دین مولانا اشرف تھانوی نے رکھا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف‘ مولانا فضل الرحمن‘ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ‘ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب‘ عبدالغفور حیدری‘ مولانا امجد خان اور دیگر نے مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
مفتی اعظم پاکستان رفیع عثمانی انتقال کر گئے
Nov 19, 2022