لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور پولیس کی طرف سے مساجد، امام بارگاہوں,مزاروں،مارکیٹوں اور اہم مقامات سمیت شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔ملکی سکیورٹی حالات کے پیش نظر سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔شہر کی داخلی و خارجی پولیس چیک پوسٹوں پر تمام افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ڈویژنل ایس پیز،ڈی ایس پیزاور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں قائم مساجد اورامام بارگاہوں سمیت سینئر پولیس افسران اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے حفاظتی انتظامات کا جائز لیتے رہے۔شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی جاری رہے۔سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر لاہور کے تمام تھانوں کی حدود میں ناکے لگائے گئے۔اہم شاہراہوں، مارکیٹوں،مالیاتی اداروں،پبلک مقامات اور کرائم ہاٹ سپاٹس پر ناکے لگائے گئے۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی کا مقصد سکیورٹی مزید موثر بنانا اور جرائم پیشہ و امن دشمن عناصر کی سرکوبی ہے۔ایس ایچ اوز اور چوکی انچارج ناکوں پر خود موجود رہ کر چیکنگ کے عمل کی نگرانی کرتے رہے۔سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر سپروائزری افسران ناکوں پر چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا اور نفری کو بریف کیا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس شہریوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہے۔
داتا کی نگری امن و سلامتی کا گہوارہ ہے۔لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔