پاکستان ہاکی میںکھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریگا: سینیٹر تاج حیدر


لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایف آئی ایچ ہاکی مینز نیشن کپ ساؤتھ افریقہ میں شرکت کیلئے عبداستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں لگائے گئے قومی ہاکی ٹیم کیمپ کا سینیٹر تاج حیدر نے دورہ کیا۔اس موقع پر ٹیم مینجمنٹ کے علاوہ کے ایچ اے چیئرمین گلفراز احمد خان بھی موجود تھے۔سینیٹر تاج حیدر نے کھلاڑیوں کو سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں برونز میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ بلاشبہ قومی ٹیم کی موجودہ پرفارمنس کو دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ انشاء اللہ ایک بار پھر ہاکی کا وہی دور واپس آئیگا جب دنیا میں پاکستان ہاکی کا اونچا مقام ہوتا تھا۔قومی ٹیم کو فنڈز کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے ہم حکومت پاکستان سے بھی قومی کھیل کیلئے فنڈز کے حوالے سے درخواست کریں گے۔اسکے علاوہ قومی کھیل کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے ہم ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے۔

 حکومت سندھ کی جانب سے ہاکی کیلئے سالانہ دس کروڑ کی گرانٹ حوصلہ افزاء ہے۔انشاء اللہ وفاقی حکومت بھی آحے بڑھ کر قومی کھیل کی ترقی و ترویج میں اپنا کردار ادا کریگی۔ دورے کا مقصد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ ہم سب کو چائیے اپنے قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو اسکا کھویا ہوا مقام واپس دلاسکیں۔

ای پیپر دی نیشن