ملتان‘ مظفرگڑھ‘ کوٹ ادو‘ ڈیرہ غازی خان‘ علی پور‘ خان گڑھ (سماجی رپورٹر‘ نمائندوں سے) 7 ویں تھل جیپ ریلی کے کوالیفائنگ مقابلے میں راجہ محمد سعید نے 2.8 کلومیٹر کا فاصلہ ایک منٹ 34 سیکنڈ اور 83 ملی سیکنڈ میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔جب کہ دوسری پوزیشن دفاعی چیمیئن زین محمود نے حاصل کی اور مقررہ فاصلہ ایک منٹ 35 سیکنڈ اور 18 ملی سیکنڈ میں مکمل کیا۔ جبکہ تیسری پوزیشن نادر مگسی نے حاصل کی اور مقررہ فاصلہ ایک منٹ 35 سیکنڈ اور 54 ملی سیکنڈ میں مکمل کیا۔ کوالیفائنگ مقابلے کا افتتاح ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق مقامی ممبر صوبائی اسمبلی نیاز احمد گشکوری اور ممبر صوبائی اسمبلی اشرف رند نے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھل جیپ ریلی نہ صرف مظفرگڑھ اور کوٹ ادو کے عوام کا ایونٹ ہے بلکہ یہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے ایک بڑی تفریحی ہے۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی علی نیاز احمد گشکوری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے بہت اچھے انتظامات کئے ہیں اس طرح کی تقریبات ہوتی رہنی چاہئیں تا کہ عوام کو بہتر تفریحی میسر ہو۔ ممبر صوبائی اشرف رند نے کہا کہ تھل جیپ ریلی کے موقع پر ہم نے اپنے ثقافتی کھیلوں کو بھی فروغ دینا ہے اور مستقبل میں بھی یہ ریلی جاری رہے گی اور بہتر سے بہتر انداز میں منعقد کی جائے گی۔ قبل ازیں مینیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی آغا محمد عباس نے بھی تھل جیپ ریلی کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا۔ اور فلیگ آف کرکے سید آصف امام اور ساجد کی گاڑی نمبر 506 کو ٹریک پر روانہ کیا۔ کوالیفائنگ مقابلے میں 115 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ کوالیفائنگ مقابلوں میں خواتین میں سے رخشندہ جبین، رباب سلطان ان کے ہمراہ بشری سلطان، پلوشہ حیات ہمراہ ماریہ جبار اور ماہم شیراز نے حصہ لیا۔