لاہور(سپورٹس رپورٹر) قطر میں دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کا عالمی کپ میں متعدد کھلاڑی شائقین کی امیدوں کا مرکز ہوں گے۔دنیائے فٹبال کے دور حاضر کے مشہور ترین کھلاڑی ارجنٹائن کے لیونل میسی کا کیریئر کا یہ آخری عالمی کپ ہوگا۔ ان کی خواہش اور کوشش ہوگی کہ اپنی کارکردگی سے وہ اس ورلڈ کپ کو یادگار بنائیں اور اپنی ٹیم کو ٹرافی کا حقدار بنوائیں۔ میسی ٹورنامنٹ میں شائقین فٹبال کی نگاہوں کا مرکز بھی ہوں گے۔پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو بھی ٹورنامنٹ میں اپنا رنگ جمانے کیلئے بے قرار ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ اپنے ملک کو پہلا ٹائٹل جتوائیں جس کیلئے وہ سر دھڑ کی بازی لگائیں گے۔فرانس اس میگا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا اگر اس کے کلیان مباپے، گریز مین اور کریم بینزیما چلے تو پھر فرانس کو ٹائٹل کے دفاع سے کوئی نہ روک پائیگا۔سب سے زیادہ فٹبال کی عالمی چیمپئن کا اعزاز رکھنے والی برازیل کا انحصار نیمار جونیئر پر ہوگا۔سینیگال کے سادیو مانے، پولینڈ کے رابرٹ لیون ڈوسکی، یوراگوئے کے لوئس سواریز اور برطانیہ کے گیرتھ بیل بھی امیدوں کا محور ہوں گے۔