لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس چیئرمین وصوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول، کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت ہوا۔ صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک، سیکرٹری قانون اختر جاوید، سیکرٹری ریگولیشن نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اٹھارویں ترمیم کے تحت رینجرز فاو¿نڈیشن کی پنجاب میں رجسٹریشن پر غور کیا گیا۔چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ اٹھاوریں ترمیم کے تحت وفاقی سماجی بہبود کے اداروں کی پنجاب میں رجسٹریشن کا طریقہ کار جلد طے کر لیں گے۔دریں اثناءمحمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کے اجلاس میں راولپنڈی میں لانگ مارچ اور جلسے سے متعلق پی ٹی آئی قیادت اور مارچ منتظمین کی حکومتی ٹیم سے مشاورت کی رپورٹ پیش کی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، کمشنر راولپنڈی سمیت متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے لانگ مارچ کی راولپنڈی آمد پر سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا۔ محمد بشارت راجہ نے ہدایت کی کہ لانگ مارچ کے دونوں حصوں کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کنٹرول روم میں کیمروں کی مدد سے یقینی بنائی جائے۔ گوجر خان میں لانگ مارچ کو فول پروف سکیورٹی ملنی چاہیے۔ پشاور سے آنے والے لانگ مارچ کو بھی راولپنڈی میں سکیورٹی سے متعلق ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔