کراچی ( کامرس رپورٹر) بلدیہ ٹاؤن کراچی میں گیس کی لائنوں میں سیوریج کا پانی شامل ہوگیا جس سے علاقہ مکین پریشانی سے دوچار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن نمبر ساڑھے چار، مدینہ کالونی، نور اسلام روڈ، فرحت روڈ، ثواب کالونی میں گیس کی نئی لائنوں کی تنصیب کا کام مکمل نہ کیا گیا جس کے باعث سیوریج کا پانی گیس لائنوں میں مکس ہونے سے لائنوں میں پانی جمع ہوگیا اور گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے علاقے کے بیشتر حصہ کی لائنیں تبدیل نہیں کی جاسکی ہیں جس کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ لائنوں میں سیوریج کا پانی بھرنے سے لوگوں کی اکثریت کے میٹر ز میں پانی چلا گیا جس سے میٹر خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ علاقہ مکینوں کی جانب سے ایس ایس جی سی حکام کو شکایت درج کرائی گئی لیکن افسران کی جانب سے عدم دلچسپی کا اظہار کیا گیا ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سے حکام سے شکایت کی جس پر کوئی شنوانی نہیں ہوئی۔ تاہم لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لائنوں سے پانی کی موٹروںسے سیوریج کا پانی نکالا۔بلدیہ ٹاؤن کے بیشتر علاقے میں گیس کی سپلائی تاحال معطل ہے جبکہ گھروں میں خواتین کا کھانا پکانا،لوگوں کا دفاتر جانا اوربچوں کو اسکول جانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بلدیہ ٹاؤن کی گیس لائنوں کی مرمت کرکے گیس بحال کی جائے۔