مستقبل میں عالمی وباﺅں سے بچنے کے لیے قدرتی ماحول کو بچانا ہوگا، تحقیق

ایک نئی تحقیق میں زور دیا گیا ہے کہ اگر مستقبل میں عالمی وباں سے بچنا ہے تو قدرتی ماحول کو محفوظ اور بحال کرنا ہوگا۔سائنسی جرنل نیچر میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ناکافی غذائی ذرائع کی وجہ سے جانور اپنے مسکن چھوڑتے ہیں اور مویشی اور انسانوں میں بیماریاں پھیلانے کا خطرہ بنتے ہیں۔امریکا کی کورنیل یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے، جنہوں نے تحقیق تصنیف کی، آسٹریلیا کے ایک قسم کے چمگادڑ فروٹ بیٹ پر 1996 سے 2020 کے درمیان تحقیق کی اور ایک جانور سے دوسرے میں بیماریوں کی منتقلی کے خطرات کو سمجھنے کی کوشش کی۔محققین کے مطابق 1990 کی دہائی سے پھیلنے والی ہر عالمی وبا جانوروں سے انسانوں میں پیتھوجن کی منتقلی کی وجہ سے پھیلی جس کے دو بنیادی عوامل تھے۔ پہلی چیز ان جانوروں کے مسکن کا ختم ہونا ہے جس کی وجہ سے جانور زرعی علاقوں میں چلے جاتے ہیں اور دوسری موسمیاتی تغیر کی وجہ سے غذائی قلت کا ہونا ہے۔کورنیل یونیورسٹی کی ایک پروفیسر رائنا پلورائٹ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ابھی دنیا کی اس جانب توجہ ہے کہ ہم کس طرح اگلی عالمی وبا کو روک سکتے ہیں۔ بد قسمتی سے قدرت کو محفوظ کرنا یا اس کو بحال کرنے کا خیال زیر بحث نہیں ہے۔ان سالوں میں جب موسمِ سرما میں غذا وافر مقدار میں موجود تھی، محققین نے دیکھا کہ چمگادڑ اپنے مقامی جنگلات میں انسانوں سے دور رہے۔ غذائی قلت کے دوران چمگادڑ زرعی علاقوں اور انسانوں کے قریب چلے گئے جہاں وہ مزید وائرس پھیلا سکتے تھے۔

ای پیپر دی نیشن