پنجاب:اسمارٹ لاک ڈاؤن بے اثر، حکومتی پابندیوں پر عمل نہ ہوسکا

Nov 19, 2023 | 11:45

اسموگ کی روک تھام کیلئے پنجاب کے 10 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بے اثر ہوگیا، حکومت اپنی ہی لگائی ہوئی پابندیوں پر عمل درآمد نہ کروا سکی، شہریوں نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیے۔لاہور، ملتان، گوجرانوالہ اور نارووال سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں اسموگ کی روک تھام کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن موثر نہ ہو سکا، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران کہیں بھی ماسک کی پابندی، ٹریفک میں کمی اور نہ ہی فضا میں زہریلا دھواں روکنے کیلئے کوئی کارروائی نظر آئی۔پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے اسموگ کی روکتھام کیلئے ہفتے کے روز کیے گئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ٹریفک پولیس دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے بجائے روایتی طور پر خاموش ہی رہی جبکہ شہریوں نے ماسک لگانے کی پابندی کو بھی ہوا میں اڑا دیا۔لاہور اور ملتان آلودہ ترین شہروں میں آج صبح دنیا بھر میں سر فہرست رہے، ائیرکوالٹی انڈیکس 413 رہا جبکہ شام میں پہلا نمبر کراچی کا ہوگیا جہاں ائیرکوالٹی انڈیکس 274 پر پہنچ گیا تھا۔خیال رہے کہ فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت کے حکم کے تحت گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا۔صوبائی حکومت کی جانب سے تمام 10 اضلاع میں سرکاری اور نجی اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جبکہ بازار، دکانیں، جم، سنیما گھر اور دفاتر 3 بجے کے بعد کھولنے اجازت دی گئی تھی۔

مزیدخبریں