الیکشن تیاریاں، انٹرنیٹ کے بغیر بھی رزلٹ بھیجنے کا کامیاب تجربہ

Nov 19, 2023

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جس کے سلسلے میں الیکشن کمشن نے چاروں صوبوں میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے مختلف اضلاع میں ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے دفاتر سے ای ایم ایس کا تجربہ کیا۔ ای ایم ایس سسٹم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ ایم ایم ایس کے ذریعے نتائج انٹرنیٹ اور بغیر انٹرنیٹ کے بھی بھیجیں جا سکیں گے۔ پریذائیڈنگ افسران اپنے پولنگ سٹیشن کے نتائج ریٹرننگ افسران کو بھجوائیں گے۔ ریٹرننگ افسران رزلٹ تیار کر کے ڈیجیٹل اور مینوئل طریقے سے الیکشن کمشن کو بھجوائے گا۔ ہر ریٹرننگ افسر کو چار چار ڈیٹا انٹری آپریٹرز دیئے جائیں گے۔ الیکشن کمشن نے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو ٹریننگ بھی دے دی ہے۔ الیکشن کمشن اور نادرا کے درمیان سرور ہوسٹنگ کا معاہدہ بھی طے پا گیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کے پاس ڈیٹا محفوظ کرنے کیلئے اپنا سرور ہی موجود نہیں۔ الیکشن کمشن عام انتخابات کیلئے نادرا کے سرور کا سہارا لے گا۔ الیکشن کمشن نادرا کے سرور ہوسٹنگ کی مد میں کرایہ ادا کرے گا۔ دوسری طرف الیکشن کمشن آف پاکستان نے ملکی مبصرین و میڈیا کیلئے عام انتخابات کے مشاہدہ کیلئے 11 نکاتی طریقہ کار جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمشن ہیڈکوارٹر، صوبائی الیکشن کمشنرز اور ڈی آر اوز ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کر سکیں گے۔ میڈیا، این جی اوز اور مبصر اداروں کو انتخابی مشاہدہ کی اجازت ہوگی۔ مبصرین ایکریڈیٹیشن کارڈز کی درخواست شیڈول جاری ہونے کے بعد دے سکیں گے۔ مبصرین کے اداروں کے سربراہان بیان حلفی جمع کرائیں گے۔ مبصرین کا مکمل بائیوڈیٹا، تصاویر، شناختی کارڈ کی فوٹو کاپیز دینا ہوں گی۔ مبصرین ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کی تحریری یقین دہانی کرائیں گے اور وہ انتخابی و سکیورٹی عملے سے تعاون کے پابند ہوں گے۔ مبصرین اور ان کے ادارے انتخابی عمل پر مشاہدہ رپورٹ الیکشن کمشن کو جمع کرائیں گے۔

مزیدخبریں