عوام کی خدمت پر ناحق سزاکا سامنا کرنااعزاز، پھر سرخرو ہوا: شہباز شریف

Nov 19, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ ن لیگ کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ شہباز شریف سے پارٹی کے سینئر رہنماو¿ں سابق گورنررفیق رجوانہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عبدالغفار ڈوگر، خواجہ عمران نذیر اور عطاءاللہ تارڑ نے ملاقاتیں کیں۔ پارٹی رہنماو¿ں نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہباز شریف کو مبارک دی اور خوشی کا اظہار کیا۔ پارٹی رہنماو¿ں نے سیاسی انتقام کے دور کا بہادری اور جرات سے مقابلہ کرنے پر پارٹی صدر کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہباز شریف نے پارٹی رہنماو¿ں کے جذبات پر شکریہ ادا کیا اور نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے ایک بار پھر عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا۔ ن لیگ کے صدر نے کہا کہ قیادت، کارکنوں نے بڑی جرات وبہادری اور ثابت قدمی دکھائی، قیادت کی بے گناہی پر کارکنوں اور عوام کو یقین تھا، یہ اعتماد سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنا اعزاز سمجھتا ہوں۔ ایک دھیلے کا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کا انعام ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ افسوس ہے کہ چار قیمتی سال سیاسی انتقام میں جھونک دیئے گئے۔ انتقامی سیاست سے قوم کے فائدے کے منصوبے، معیشت تباہ، عوام مہنگائی کا شکار ہوگئے۔ ہمیں اپنی سزا کا نہیں عوام اور ملک کو ملنے والی سزا کا د±کھ ہے۔ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت مہنگائی کے ستائے عوام کی جیت ہوگی، مسلم لیگ (ن) کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ پاکستان کی معاشی ترقی اولین ایجنڈا ہے۔ عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی تھی۔ شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح دہشت گردی اور بدامنی ختم کی تھی، انشاءاللہ مہنگائی ختم کریں گے۔ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہوگا، پارٹی کارکنان اور رہنما روایتی جذبے اور عزم کے ساتھ الیکشن کی تیاری کریں۔ ن لیگ کے صدر سے ملاقات میں سابق ارکان قومی اسمبلی سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی۔دونوں سابق ارکان قومی اسمبلی نے 16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدخبریں