پشاور‘ اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کوئی سمجھتا ہے وہ آج بھی زور زبردستی سے کسی کو وزیراعظم بنا سکتے ہیں تو یہ ان کی غلطی فہمی ہے۔ پیپلز پارٹی کو کبھی بھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، ہم اس کے عادی ہو چکے ہیں۔ کسی نے کہا تھاکہ یوٹرن لینا لیڈر کی نشانی ہوتی ہے لیکن ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یوٹرن لینا لیڈر کی نہیں بزدل کی نشانی ہوتی ہے۔ ملک میں کوئی ایسی سیاسی جماعت موجود نہیں جسے ہم پی پی کا مخالف سمجھیں، پیپلز پارٹی کی مخالف غربت، مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ باقی سیاسی جماعتوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ گیا ہے، جو خود کو تبدیلی کا نمائندہ کہلاتے تھے انہوں نے تباہی لائی۔ پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن) کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا جو خود کو ووٹ کی عزت اور خدمت کا نمائندہ بتاتے تھے، ان کا چہرہ بھی عوام کے سامنے آ گیا ہے۔ وہ ووٹ کو عزت دینا جانتے ہیں نہ گورننس کرنا جانتے ہیں۔ وہ تو اب مہنگائی لیگ بن چکے ہیں۔ میں اپنی 16 ماہ کی کارکردگی پر فخر کرتا ہوں بلکہ اس پر الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہوں۔ وقت کم تھا لیکن میں نے سب سے کم عمر وزیرخارجہ کی حیثیت سے دن رات محنت کر کے آپ کی نمائندگی کی۔ بطور وزیر خارجہ ملک کے تمام مسائل حل نہیں کئے جا سکتے، اس کے لئے ضروری ہے کہ ایک جیالا وزیراعظم بنے اور ایک جیالا وزیراعلیٰ ہو، ہم حکومت میں آ کر کسان کارڈ اور مزدور کارڈ کا اجراءکریں گے۔ جھونپڑیوں میں مقیم افراد کو زمین کے مالکانہ حقوق دیں گے۔ انہوں نے پشاور میں عالمی معیار کا ہسپتال بنانے کا وعدہ بھی کیا اور کہا کہ ہمارا اُن 70 سال کے سیاست دانوں سے مطالبہ ہے کہ وہ اب گھر میں بیٹھیں یا مسجد میں بیٹھیں، انہیں چاہیے کہ وہ اب نوجوانوں کے لئے راستہ بنائیں تاکہ ہم اس نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر سکیں۔ اب جنگ کا میدان سجنے والا ہے، الیکشن ہونے والا ہے، ہم تیر کے نشان پر لڑیں گے اور کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے۔
دریں اثناءبلاول بھٹو زرداری سے پشاور میں پیپلز لائرز فورم خیبر پی کے کے وفد نے ملاقات کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز لائرز فورم کے ذمہ داران کے درمیان وکلاءسیاست کے حوالے سے بات چیت کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز لائرز فورم کے درمیان آئندہ عام انتخابات کے دوران پولنگ میں عدم شفافیت کی صورت میں لائحہ عمل پر بات چیت کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ نیئربخاری‘ شیری رحمٰن‘ فیصل کریم کنڈی‘ محمد علی شاہ باچہ‘ مصباح الدین و دیگر موجود تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جیالوں کی ملاقات۔ عام انتخابات سے متعلق اپنی تجاوی دیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی وائی او خیبر پی کے کے عہدیداران اور کارکنان نے نوجوانوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔