امریکی سفیر کی نواز شریف، یوسف گیلانی، جہانگیر ترین سے ملاقاتیں

لاہور+ ملتان ( نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جاتی امراءرائے ونڈ میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماﺅں نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال خاص طور پر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ نواز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ قائد مسلم لیگ (ن) نے خاص طورپر مختلف امریکی رہنماﺅں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تمام امریکی رہنما پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج ملک کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکلنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قائدانہ کردار دے کر اپنابھرپور اعتماد کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوںمیں تعاون پر گفتگو کی۔ رہنماﺅں نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے تعاون کے نئے امکانات کی تلاش اوران کامیابیوں پر تعلقات کی مزید استواری کی اہمیت تسلیم کی جو امریکہ اور پاکستان دوطرفہ مضبوط اور فعال تعلقات سے عبارت رہے ہیں۔ امریکی سفیر اور محمد نوازشریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ محمد نوازشریف نے اسرائیلی بلاامتیاز بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی بے رحمانہ شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کے ساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوشگوار اور کھلے انداز میں گفتگو پر محمد نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں امریکی سفیر کی یوسف گیلانی سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف سیاست دانوں سے ملاقاتیں بھی کیں، پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملتان میں سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جس میں تعلقات کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ اے بلوم نے ملتان میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی میزبانی میں منعقدہ ایک اجتماع میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے سفیر سے ملاقات کی۔سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ، سینیٹر رانا محمود الحسن، ایاز خان نیازی، سابق ایم این اے مینا لغاری ، خالد خان خاکوانی، سابق ایم این اے نتاشا دولتانہ ، شہناز سلیم، سابق ایم پی اےاحمد مجتبیٰ گیلانی ، سابق ایم این اے عبدالقادر گیلانی اور سابق صوبائی وزیر پنجاب علی حیدر گیلانی نے وفد کا استقبال کیا۔یوسف رضا گیلانی نے الیکشن 2024 میں جنوبی پنجاب کے سیاسی منظر نامے سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔ دوسری طرف امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات میں پارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خاکوانی اور عون چوہدری بھی شریک ہوئے۔امریکی سفیر اور جہانگیر ترین نے ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور اکنامک ریفارمز کے حوالے سے بات چیت کی۔ امریکی سفیر اور آئی پی پی کی قیادت کے درمیان آئندہ عام انتخابات کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔جہانگیر ترین نے انسانی حقوق کے حوالے سے اپنا مو¿قف امریکی سفیر کے سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پی قیادت بھر پور انداز سے اپنی انتخابی اور سیاسی سرگرمیاں شروع کرچکی ہے، آئی پی پی عام انتخابات کے لیے تیار ہے۔امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کے استحکام کے لئے اپنے بھر پور عزم کا اظہار کیا۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما¶ں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر آزادانہ اور شفاف الیکشن کی اہمیت پر بات چیت ہوئی۔ فری فیئر الیکشن اور پاکستانی عوام کے اپنے مستقبل کا لیڈر چننے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن