لاہور ( خصوصی نامہ نگار) نگران کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی اور پرائیویٹائزیشن کا دسواں اجلاس نگران وزیر ہاو¿سنگ، اوقاف و مذہبی امور، زکوٰة و عشر بیرسٹر اظفر علی ناصر کی زیر صدارت کمیٹی روم وزیر اعلیٰ آفس میں ہوا۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزراءمنصور قادر، بلال افضل، جمال ناصر سیکرٹری قانون، سیکرٹری ریگولیشنز، چیئرمین لیکویڈیشن بورڈ نے شرکت کی۔پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو اور پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے ہیلتھ کیئر مینجمنٹ سسٹم کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب وائلڈ لائف رولز 1974 کے تحت شوٹنگ لائسنس اور فیس پر نظر ثانی اور مختلف ڈویژنز کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے چیئرمینوں، بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کی زیر قیادت ہونےوالے اجلاس میں پنجاب سپیشل پریمیسس آرڈیننس 1985 کے تحت باغ جناح کو خصوصی جگہ قرار دینے، بنی بنگلہ پارک، کھاریاں میں تاریخی واٹر ریزروائر کو محفوظ بنانے اور گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام اور صحت کی سہولیات کو مزید وسعت دینے کیلئے پیسی کے ہسپتالوں کو عام عوام تک رسائی دینے کی بھی منظوری دی گئی۔