لاہور(کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل الحمراءمیں فیسٹیول لہور لہور اے میں تھیٹر ڈرامہ ”روشنائی“ پیش کیا گیا۔کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن، پنجاب یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کی سوسائٹی کے آرٹسٹوں نے ڈرامہ میں پرفارم کیا۔ ڈرامہ پروفیسر احمد بلا ل نے تحریر کیا تھا۔ روشنائی ایک ایکٹ کا کھیل ہے جو ایک مقامی فن کار آرٹسٹ کی زندگی پر مبنی ہے۔ کیپیٹل ازم کے اس دور میں ہم جیسے معاشرے میں روایت اور جدت کے درمیان پیدا ہونےوالے خلا میں مقامی آرٹسٹ اپنی لئے کوئی راستہ تلاش نہیں کر پاتا کیونکہ اس کے ارد گرد اس کے آرٹ اور اس کی مشکلات کو سمجھنے والے لوگوں کا قحط پایا جاتا ہے۔زیادہ سے زیادہ ہم جیسے معاشروں میں آرٹ یا فن کو کمائی کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے لیکن آرٹ معاشرے کی اجتماعی شکل کا آئینہ دار بھی ہوتا ہے اور اسی لئے بڑے معاشرے اپنے فنون اور فنکار ترقی کے مواقع فراہم کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں جبکہ ہم اپنے آرٹ یا آرٹسٹ کو بچانے کی کوئی سنجیدہ کاوش کرتے نظر نہیں آتے۔ اسی تناظر میں روشنائی طنز و مزاح پہ مبنی ایک سماجی کھیل ہے جس کے نمایاں اداکاروں میں میاں احمد، اسامہ بٹ، انوش خان، فیضان نیا زی، ارویٰ، فاھا، شامل ہیں۔